اگر آپ ایک کاروباری شخص ہیں جو اپنے دفتر یا دکان کو کوویڈ-19 کے دوران صاف رکھنے کے لئے قابل اعتماد ذرائع کی طرف سے سفارش کردہ طریقہ کار کو استعمال کرنا چاہتے ہیں یا آپ اپنے گھر کی صفائی کے لئے ہدایات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو درج ذیل معلومات دیکھیں۔

Disinfecting_during_COVID-19.png

کوویڈ-19 وائرس کیسے پھیلتا ہے؟

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، کوویڈ-19 وائرس کی منتقلی کا بنیادی ذریعہ سانس کی بوندیں اور براہ راست رابطہ ہے۔  جو شخص وائرس سے متاثرہ فرد سے قریبی رابطے میں رہتا ہے، وائرس کی بوندوں سے متاثر ہوسکتا ہے۔ متاثرہ فرد سے وائرس قریبی سطحوں پر منتقل ہوسکتا ہے، جہاں وائرس کئی گھنٹوں تک فعال رہ سکتا ہے۔ مزید معلومات کے لئے کوویڈ-19 سے متعلق نیچے دی گئی ویڈیو دیکھیں۔ 

اپنے دفتر اور گھر پر کوویڈ-19 کے خلاف حفاظت کے لئے صفائی کی ہدایات

حفظان صحت سے متعلق معلومات

مندرجہ ذیل اقدامات آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو کوویڈ-19 سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

  • باہر جاتے وقت ماسک پہنیں۔
  • اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں۔
  • کھانسی یا چھینک آنے پر اپنے منہ اور ناک کو اپنی کہنی یا ٹشو سے ڈھانپیں۔
  • استعمال شدہ ٹشووں کو فوری طور پر پھینک دیں۔
  • گھر سے باہر دوسرے لوگوں سے 1 میٹر (3 فٹ) کا فاصلہ برقرار رکھیں۔
  • کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے بار بار ہاتھ دھوئیں۔
  • الکحل کے سینیٹائزرس کا کثرت سے استعمال کریں۔

 سطحوں کی صفائی کرتے وقت ترجیحات!

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کوویڈ-19 کے دوران گھر، دفتر، اسکول، جم، عبادت گاہیں، بازار، دکانیں، وغیرہ باقاعدگی سے صاف کرنے کی ضرورت ہے۔  

دروازے اور کھڑکی کے ہینڈلز، باورچی خانہ، کاونٹرٹپس، بیت الخلاء اور زیادہ استعمال ہونے والی سطحوں کو ترجیحی طور پر ڈس انفیکٹ کرنا ضروری ہے۔ ان میں ٹچ اسکرین، کمپیوٹر کی بورڈز اور کام کے دوران بار باراستعمال ہونے والی چیزیں شامل ہیں۔

نیچے دی گئی فہرست میں بار بار چھونے والی سطحوں اور اشیاء کی کچھ مثالیں پیش کی گئی ہیں۔

  • دروازے کے ہینڈل
  • گیس پمپ ہینڈلز
  • گاڑی کے ہینڈل
  • کاؤنٹرٹپس
  • نل اور باتھ روم کے سنک
  • ٹچ اسکرینز اور کی بورڈ
  • میز اور کرسیاں
  • کھلونے
  • ویل چئر

جب گھر میں کوویڈ-19 سے متاثرہ مریض موجود ہو تو اپنے گھر کو کیسے صاف کریں؟ 

جب کوئی وائرس سے بیمار ہو تو اپنے گھر کی صفائی کے لئے درج ذیل طریقوں پرعمل کریں:

  • مریض کے لئے الگ کمرہ اور باتھ روم رکھیں۔
  • مریض کے لئے الگ ڈسٹ بن رکھیں۔
  • مریض کے آس پاس ہمیشہ ماسک پہنیں اور مریض کے اس پاس صفایٴ کے وقت ڈسپوزایبل دستانے استعمال کریں۔
  •  اگرممکن ہو تو مریض کو ذاتی صفائی کا سامان فراہم کریں جیسے کاغذ کے تولیے، ٹشو، وائپس، وغیرہ۔
  • مریض کے اۤس پاس صفائی یا اس کے کپڑے دھونے کے بعد کم سے کم 20 سیکنڈ تک اپنے ہاتھ دھوئیں۔
  • مزید معلومات کے لئے نیچے دی گئی ویڈیو دیکھیں اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے دی گئی یہ ہدایات دیکھیں۔

صحت تحفظ ہیلپ لائن

مزید معلومات کے لئے آپ حکومت پاکستان کی کورونا کے حوالے سے قائم کی گیٴ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر بھی کال کرسکتے ہیں یا حکومت پاکستان کوویڈ-19 پورٹل سے معلومات حاصل کریں۔ 

اپنے سوال بولو کو بھیجیں!

کیا آپ اپنے گھر یا دفتر کو صاف رکھنے کے بارے میں کوئی سوال پوچھنا چاہتے ہیں؟ آپ ہمارے فیس بک پیج کے ذریعے ہم سے کوویڈ-19 سے متعلق سوالات پیر سے جمعہ، صبح 9 بجے سے دوپہر 5 بجے تک پوچھ سکتے ہیں۔ سوال پوچھنے کے لئے ہمیں ہمارے فیس بک پیج پر میسج کریں:

facebook.com/bolopkinfo