نوزائیدہ بچوں کے لئے ماں کا دودھ غذائیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے، اور یہ بہت ساری بیماریوں سے بچاتا ہے۔ لیکن دنیا بھر کی مائیں کوویڈ-19 کی وجہ سے پریشان ہیں کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کی حفاظت کیسے کرسکتی ہیں۔ اِس مضمون میں ہم کورونا وائرس کے دوران ماؤں کے لئے احتیاطی تدابیر سے آپ کو آگاہ کریں گے، جن کی مدد سے وہ اپنے بچوں کو محفوظ انداز میں دودھ اورنیم ٹھوس غذا دے سکتی ہیں۔
1- بچے کو کس عمر تک ماں کا دودھ پلایا جائے؟
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ماں کا دودھ پیدائش کے ایک گھنٹہ کے اندر شروع کرنا چاہئے۔ اگر آپ کا بچہ چھ ماہ یا اس سے چھوٹا ہے تو اسے خصوصی طور پر ماں کا دودھ پلائیں۔ جب بچے کی عمر چھ ماہ سے زیادہ ہوجائے تو، تجویز کیا جاتا ہے کہ دودھ پلانے کو محفوظ اور صحت مند نیم ٹھوس غذا سے جاری رکھیں۔ ماں کا دودھ پلانا دو سال یا اس سے زیادہ عمر تک جاری رہنا چاہئے۔
2- کیا ماؤں کو کورونا وائرس کے دوران اپنے بچوں کو دودھ پلانا چاہئے؟
جی ہاں. ماں کا دودھ اینٹی باڈیز مہیا کرتا ہے جو بچوں کو صحت مند رکھتی ہیں اور انفیکشن سے بچاتی ہیں۔ آبھی تک ماں کا دودھ پلانے سے کسی بچے کو کوویڈ-19 ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
3- کورونا وائرس کے دوران مائیں اپنے نومولود بچوں کو کیسے دودھ پلا سکتی ہیں؟
ماؤں کو چاہئے کہ وہ کوویڈ-19 کے دوران تجویز کردہ حفظان صحت کے طریقوں کا خیال رکھیں اور اپنے بچوں کو دودھ یا نیم ٹھوس غزا دیتے وقت مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
- بچوں کو دودھ پلانے کے دوران ماسک پہنیں۔
- بچے کو چھونے سے پہلے اور بعد میں صابن سے ہاتھ دھوئیں۔
- گھریلو سطحوں کو باقاعدگی سے صاف کریں۔
- دودھ کے پمپ اور استعمال کے بعد برتن صاف رکھیں۔
مزید معلومات کے لئے یونیسیف اور قومی ادارہ صحت کی جانب سے یہ ویڈیو دیکھیں۔
4- کیا حاملہ خواتین نوزائیدہ بچوں کو وائرس منتقل کرسکتی ہیں؟
اِس بات کا تعین کرنے کے لئے ابھی تک سائنسی معلومات دستیاب نہیں ہے کہ آیا کوویڈ-19 حمل کے دوران ماں سے اس کے بچے میں منتقل ہوسکتا ہے۔ بخار، کھانسی یا سانس لینے میں دشواری جیسے علامات کا سامنا ہو تو حاملہ خواتین کو اپنے آپ کو وائرس کے خطرے سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا رہنا چاہئے اور جلد ہی طبی نگہداشت حاصل کرنی چاہئے۔
5- اگر ماں کو کوویڈ-19 یا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہو تو وہ بچے کو اپنا دودھ پلا سکتی ہے؟
جی ہاں، مناسب احتیاط کے ساتھ دودھ پلانا جاری رکھیں۔ دودھ پلانا جاری رکھنا وائرس سے لڑنے اور بچے کی حفاظت کا ایک بہترین طریقہ ہے۔
مزید معلومات کے لئے یونیسیف اور قومی ادارہ صحت کی جانب سے یہ ویڈیو دیکھیں۔
6- حاملہ یا دودھ پلانے والی ماوٴں کو کیا کوویڈ ویکسین لگانی چاہئے؟
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اُن حاملہ خواتین کو ویکسین لگوانی چاہئے جنہیں کوویڈ سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ لاحق ہو۔ خاص طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، حمل کے دوران تقریباً تمام ویکسین محفوظ ہیں۔ موجودہ معلومات کی بنا پر، دودھ پلانے والی خواتین کو اپنے بچوں کو بغیر کسی خطرے کے ویکسین لگائی جا سکتی ہے۔
7- کیا کوویڈ-19 کے دوران چھوٹے بچوں کے لئے ماں کا دودھ واحد محفوظ غزا ہے؟
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ماں کے دودھ کے ساتھ تازہ اور غیر پروسس شدہ کھانوں کو بچے کی عمر کے مطابق دیا جاسکتا ہے۔ مزید معلومات کے لئے یہ لنک دکھیں اور یونیسیف اور قومی ادارہ صحت کی جانب سے بنائی گئی یہ ویڈیو دیکھیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کا نومولود بچوں کو ماں کا دودھ پلانے سے متعلق کوئی مزید سوال ہے؟
آپ ہمارے فیس بک پیج کے ذریعے ہم سے کوویڈ-19 سے متعلق سوالات پیر سے جمعہ، صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پوچھ سکتے ہیں۔ سوال پوچھنے کے لئے ہمیں ہمارے فیس بک پیج پر میسج کریں: