2020 کے دوران پاکستان میں تعلیمی ادارے کوویڈ-19 کی وجہ سے کئی مہینے کی بندش کا شکار رہے۔ پاکستان میں تعلیمی ادارے، بشمول سکول مارچ 2020 میں بند کردئے گئے۔ ستمبر 2020 میں دوبارہ سکول کھلے، مگر کوویڈ-19 کے مریضوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے اگلے مہینے میں ہی انھیں دوبارہ بند کردیا گیا۔ 4 جنوری 2021 کو حکومتِ پاکستان نے 18 جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی اداروں کے کھلنے کا اعلان کیا۔ تاہم اِس کے بعد سے سکولوں اور دوسرے تعلیمی اداروں کی بندش ایک بڑا مسئلہ رہا، کیونکہ تعلیمی اداروں کے کھلتے ہی کوویڈ-19 کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔
اگرچہ یہ کہا جاتا ہے کہ بچوں میں انفیکشن کی روک تھام کے لئے آن لائن کلاسز کا انعقاد اِس وقت بہتر ہے، لیکن بعض اوقات یہ ضروری ہوتا ہے کہ بچوں کو سکول یا سالانہ امتحانات (جیسے میٹرک کے امتحانات) کے دوران نامزد امتحانی مرکز بھیجا جائے۔
ِاس مضمون میں ہم احتیاطی تدابیر سے متعلق کچھ بنیادی سوالات کے جوابات دیں گے، جوسکول جانے والے بچوں کو کوویڈ-19 سے بچاوٴ اور اِس کی وجہ سے پیدا ہونے والے ذہنی تناؤ سے نمٹنے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔
1- کوویڈ-19 کے خلاف سکولوں میں کیا احتیاتی تدابیراختیار کی جائیں؟
وفاقی وزارت برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے درج ذیل تفصیلی ہدایات فراہم کی ہیں۔
-
ملک بھر کے سکولوں اور سکول بسوں میں ماسک کا لازمی استعمال ضروری ہے اور طلباء کو ماسک کے صحیح استعمال کے بارے میں بتایا جانا چاہئے۔
-
طلباء کو یہ یاد دلانا چاہئے کہ چہرے کے ماسک کو نہ چھوئیں اور بار بار اپنے ہاتھ دھوئیں۔
-
سکول کے عملے کو اِس بارے میں آگاہی رکھنی ہوگی کہ اگر وہ بیمار ہیں یا ان کا حال ہی میں کسی کوویڈ-19 کے شکار فرد کے ساتھ قریبی رابطہ ہوا ہے یا کوئی بھی کوویڈ-19 متاثرہ طالب علم، استاد یا عملے کا کوئی دوسرا شخص جس کا کوویڈ-19 مثبت شخص سے رابطہ رہا ہو، سکول نہ جائے۔
-
بچوں کو کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھونے کی مشق کرنے کی ترغیب دی جانی چاہئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی اس مختصر ویڈیو سے آپ کوویڈ-19 کے دوران سکول جانے والے بچوں کی حفاظت کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں۔
2- پاکستان میں تعلیمی اداروں کے بارے میں کوویڈ-19 سے متعلق رہنمائی کہاں سے حاصل کی جا سکتی ہے؟
تعلیمی اداروں کے لئے صحت کی جامع ہدایات تیار کی گئیں ہیں اور یہ کوویڈ-19 ہیلتھ ایڈوائزری پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعہ جاری کردہ ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کے لئے مخصوص ہدایات اِن کی ویب سائٹ پردستیاب ہیں۔
3- کیا سکولوں کو دوبارہ کھولنا کوویڈ-19مزید پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے اور اِس سے بچاؤ کے اقدامات کیا ہیں؟
مختلف ممالک میں یہ دیکھا گیا ہے کہ سکول کھلنے کے بعد کوویڈ۔19 کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان بھر میں مختلف تعلیمی اداروں میں 45 لاکھ سے زائد طلبا زیر تعلیم ہیں اور لاکھوں افراد تعلیمی اداروں میں ملازمت کر رہے ہیں۔ بچوں کے لئے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے اور لاکھوں ملازمتوں کو قائم رکھنے کے لئے سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو کھولنا دنیا بھر میں ناگزیز ہو سکتا ہے۔ تاہم کچھ اقدامات سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں طلباء اور عملے کو کوویڈ-19 سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ سکولوں میں حفاظت کے بارے میں کچھ بنیادی ہدایات مندرجہ ذیل ہیں:
- ہمیشہ صابن اور پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک بار بار ہاتھ دھوئیں۔
- اپنے چہرے، آنکھیں، ناک اور منہ کو ہاتھ نہ لگایئں۔
- کسی دوسرے سے کپ، برتن، کھانا یا مشروب نہ لیں۔
- سکول میں سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے یہ مختصر ویڈیو دیکھیں۔
4- والدین سکول جانے والے بچوں کو ذہنی تناؤ سے نمٹنے میں کس طرح مدد کرسکتے ہیں؟
والدین کوویڈ-19 کے دوران سکول جانے والے بچوں کو ذہنی تناؤ سے نمٹنے میں مدد کے لئے درج ذیل ہدایات پرعمل کرسکتے ہیں:
- اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ آپ سے یا اپنے اساتذہ سے سوال پوچھیں اور اپنے جذبات کا اظہارکریں۔
- یاد رکھیں کہ آپ کے بچے تناؤ کا مختلف طریقے سے اظہار کرسکتے ہیں۔ اِس کا سامنا صبر اور سمجھ بوجھ۔ کے ساتھ کریں۔
- معلومات حاصل کرنے کے لئے والدین اوراساتذہ کمیٹیوں کہ ذریعے بچوں کی ذہنی صحت پر نظر رکھیں۔
- اپنے بچوں کو کوویڈ-19 سے متعلق خطرات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کریں۔
مزید معلومات کے لئے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جا نب سے سکولوں سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب یہاں دیکھیں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی مندرجہ ویڈیو دیکھیں۔
اگر آپ کو کوویڈ-19کے دوران ذہنی صحت اور نفسیاتی مدد کی ضرورت ہو تو، کال کریں:
خیبر پختونخوا
0800-77657 ہیلپ لائن نمبر:
وقت: صبح 9 بجے تا شام 5 بجے (پیر سے جمعہ)
زبانیں: اردو اور پشتو
بلوچستان
0800-77678 ہیلپ لائن نمبر:
وقت: صبح 9 بجے تا شام 5 بجے (پیر سے جمعہ)
زبانیں: اردو ، براہوی ، بلوچی اور پشتو
سندھ
حکومت سندھ نے تصدیق شدہ اور مشتبہ کوویڈ-19 مریضوں کے لئے ٹیلی کاونسلنگ سروس (1093) کا آغاز بھی کیا ہے۔ یہ ہیلپ لائن دن میں 24 گھنٹے، ہفتے میں سات دن کام کرتی ہے۔
صحت تحفط ہیلپ لائن
تازہ ترین صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لئے، ٹیسٹنگ، علامات یا کسی بھی دیگر متعلقہ سوالات کے لیے آپ حکومت پاکستان کوویڈ-19 پلیٹ فارم دیکھ سکتے ہیں۔ آپ نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کے ذریعہ دستیاب صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر بھی کال کرسکتے ہیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں
سکول میں کورونا سے بچاؤ کے بارے میں مزید معلومات کے لئے بولو فیس بک پیج پر ہمیں میسج بھیجیں: facebook.com/bolopkinfo
آپ ہماری ویب سائٹ پر کوویڈ-19 کے دوران اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کے بارے میں یہ مضمون بھی پڑھ سکتے ہیں۔