کسی بچے کو قانونی شناخت فراہم کرنے کے لئے پیدائشی سرٹیفکیٹ کا حصول ایک بنیادی اقدام ہے۔ پاکستان میں پیدائش کا سرٹیفیکیٹ چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) یا ب فارم کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اِس دستاویز کا استعمال 18 سال سے کم عمر بچوں کو رجسٹر کرنے کے لئے کیا جاتا ہے۔
چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) کے بغیر 18 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد شناختی کارڈ حاصل کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) نہ صرف پاکستانی شہریت ثابت کرنے کے لئے اہم ہے بلکہ صحت کارڈ، ووٹروں کی رجسٹریشن، بینک اکاونٹ کھولنے،موبائل فون سم کی رجسٹریشن اور بیرون ملک سفر کے لئے پاسپورٹ حاصل کرنے کے لئے لازم ہے۔ قومی شناختی کارڈ آپ کو احساس پروگرام کے ذریعے حاصل کردہ مراعات، جیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی مدد حاصل کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق، پاکستان میں صرف 34 فیصد افراد اپنے بچوں کی پیدائش کا اندراج کرواتے ہیں۔ جن میں 34 فیصد بچے اور 33 فیصد بچیاں رجسٹر ہو پاتی ہیں۔ اِس کے نتیجے میں بعد میں بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جیسے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں دشواری، تعلیم اور نوکری کے لئے اہم دستاویزات کی عدم دستیابی، وغیرہ۔
اِس آرٹیکل میں، ہم پاکستان میں چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) یا ب فارم حاصل کرنے کا طریقہ بیان کریں گے۔
چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی)
پاکستان میں، یونین کونسل سے نادرا کو بچے کی پیدائش کا دستاویزی ثبوت فراہم کرکے سی آر سی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ والدین کو اپنے بچے کے اندراج کے لئے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
نوٹ: اگر والدین ملک سے باہر ہیں یا اُن کا انتقال ہو چکا ہے تو بچے کا سرپرست عدالت کے جاری کردہ گارڈین سرٹیفکیٹ کی مصدقہ کاپی کے ساتھ پیدائش کے اندراج کے لئے درخواست دے سکتا ہے۔
یونین کونسل سرٹیفکیٹ یا مطلوبہ متبادل دستاویزات
یونین کونسل میں کسی بچے کو رجسٹر کرنے کے لئے والدین کو قومی شناختی کارڈ کی کاپی اور درج ذیل دستاویزات پیش کرنی ہوں گی:
- ہسپتال کے ذریعے جاری کردہ سرٹیفکیٹ۔
- مکمل کردہ یونین کونسل فارم یا سکول کا سرٹیفکیٹ (10 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے)۔ یونین کونسل سرٹیفکیٹ کے لئے کوئی فیس نہیں ہے۔ سرٹیفکیٹ 3 سے 20 دنوں میں فراہم کیا جاتا ہے۔
- بائیو میٹرک تصدیق یا دئیے گئے فارم کی تصدیق شدہ کاپی۔
نوٹ: سرپرست صرف گارڈین سرٹیفکیٹ کے ذریعے کارروائی کرنے کا مجاز ہے۔
آپ انگریزی اور اردو میں نادرا کی ویب سائٹ پر پیدائشی سند حاصل کرنے کے لئے مطلوبہ دستاویزات کی تفصیلی فہرست بھی دیکھ سکتے ہیں۔
چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) کی درخواست کا طریقہ
آپ قریبی نادرا رجسٹریشن سنٹر (این آر سی) میں جاکر اور ذیل میں دیئے گئے اقدامات پر عمل کرکے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا کے قریبی مراکز کی فہرست یہاں دیکھیں۔
- والدین / سرپرست کو ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ جب تک آپ کے ٹوکن اور کاؤنٹر نمبر کا اعلان نہیں ہوتا تب تک اپنی باری کا انتظار کریں۔
- والدین / سرپرست کی تصویر لی جائے گی، اس کے بعد انگلیوں کے نشانات اور دستخط ہوں گے۔
- والدین / سرپرست کے ذریعہ جائزہ لینے کے لئے فارم پرنٹ کیا جائے گا والدین / سرپرست کو درخواست فارم سونپ دیا جائے گا جس کو پیش کرنے سے پہلے کسی گزٹیٹ آفیسر کے ذریعہ اس کی تصدیق کرنی ہوگی۔