معذوری کی مختلف اقسام افراد کی روز مرہ زندگی میں دشواری پیدا کرتی ہیں۔ نقل و حرکت، سوچنے سمجھنے، سیکھنے اور بات جیت کرنے میں مشکلات معذوری سے پیدا ہونے والی چند قابل ذکر دشواریوں میں شامل ہیں۔ بعض اوقات کچھ لوگوں کو متعدد قسم کی معذوری کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اِن متعدد اقسام میں کچھ عیاں اورکچھ پوشیدہ ہوتی ہیں۔ مزید یہ کہ معذوری عارضی، طویل، یا دائمی بھی ہوسکتی ہے۔
معذور افراد کو درپیش مسائل کو کم کرنے کے لئے، حکومت پاکستان کے ذریعہ فراہم کردہ مراعات (جیسے معذور افراد کے لئے نوکریاں، امداد اور معاون آلات کے حصول) کے لئے معذوری کا سرٹیفکیٹ ہونا لازم ہے۔ اِس مضمون میں ہم آپ کو معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔
معذوری کا سرٹیفکیٹ کیا ہوتا ہے؟
معذوری کا سرٹیفکیٹ حکومتِ پاکستان کی طرف سے جاری کردہ دستاویز ہے جو معذوری کی قسم اور حد کی تصدیق کرتا ہے۔ یہ معذوری سے متاثر افراد کے لئے ایک لازمی دستاویز ہے کیونکہ یہ اُن کے لئے مختلف فوائد، سہولیات اور حقوق حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ معذوری کی نوعیت کے بارے میں میڈیکل بورڈ کی سفارش پر یہ سرٹیفکیٹ جاری ہوتا ہے۔
حکومتِ پاکستان نے معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں معذور افراد کی مدد کے لئے پورے ملک میں معذوری کی تصدیق اورمعینے کے لئے بورڈ قائم کیے ہیں۔ بورڈز میں عام طور پر طبی ماہرین، ڈاکٹر، اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے افسران شامل ہوتے ہیں۔
معذوری کے سرٹیفکیٹ کے فوائد کیا ہیں؟
اگرآپ کے پاس معذوری کا سرٹیفکیٹ ہے تو آپ مالی امداد تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، آپ کو مخصوص حالات میں ٹیوشن اور داخلہ فیس سے مستثنیٰ قرار دیا جاسکتا ہے یا آپ کو معذوری کے شکار افراد کے لئے حکومت کے اداروں میں بھرتی کے عمل میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ یا معذوری کا شکار آپ کے گھر کے کسی فرد کو وہیل چیئرز اور امداد، جیسے معاون آلات کی ضرورت ہو تو معذوری کا سرٹیفکیٹ آپ کو پاکستان بیت المال میں درخواست دائر کرنے میں کام آتا ہے۔ معذور افراد کے لئے مراعات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے پیش کردہ مختلف سماجی تحفظ پروگراموں پر مبنی ہے۔
نوٹ: خصوصی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے لئے درخواست دینے کے لئے معذوری کا سرٹیفکیٹ بھی مطلوبہ دستاویزات میں شامل ہوتا ہے۔
اِہم معلومات
- معذوری کا سرٹیفکیٹ مفت جاری کیا جاتا ہے۔
- عارضی، دائمی اور مستقل معذوری دونوں کے لئے سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔
- معذوری کا شکار شخص سرٹیفکیٹ کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال-
- یا محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفتر میں درخواست دے سکتا ہے۔
- پاکستان میں معذوری کے سرٹیفکیٹ کے لئے صرف پاکستانی شہری۔
- درخواست دے سکتے ہیں۔
پاکستان میں معذوری کے سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دینے کی ہدایت
معذوری کے سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دینے کا عمل مندرجہ ذیل ہے:
- آپ اپنے علاقے کے مقامی ضلعی ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال یا سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے دفتر سے مقررہ فارم حاصل کرسکتے ہیں۔
- آپ کو مناسب طریقے سے بھرا ہوا فارم کسی گزٹیٹ آفیسر (گریڈ 16 یا اس سے اوپر کے سرکاری افیسر) سے جمع کرانے سے پہلے تصدیق کرنا ہوگا۔
- سوشل ویلفیئر آفیسر معذوری کی قسم کا جائزہ لینے کے لئے میڈیکل بورڈ میٹنگ کا شیڈول تیار کرے گا۔ معذور فرد کو دی گئی تاریخ پر میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔
- میڈیکل بورڈ معذوری کی نشاندہی کرنے کے لئے معذور افراد کا طبی معائنہ کرتا ہے۔ اگر میڈیکل بورڈ سفارش کرے تو معذوری کا سرٹیفکیٹ محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے۔
- معذوری کا سرٹیفکیٹ دی گئی تاریخ کے بعد محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفتر سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
نوٹ: اگر معذور فرد کا جائزہ لینے کے لئے خود جانا ممکن نہ ہو تو آپ محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفتر سے درخواست کرسکتے ہیں کہ وہ تشخیص کے عمل کے دوران آپ کو سہولت فراہم کرے۔ تشخیص کے لئے پیش ہونے سے کسی بھی چھوٹ کا انحصار آپ کے علاقے میں دستیاب سہولیات، معذوری کی قسم اور متعلقہ عہدیداروں کے تجزیے پر ہوگا۔
معذوری کے اندراج کے فارم کو پُر کرنے کے لئے درکار معلومات
معذوری سے متاثر فرد کے بارے میں درج ذیل معلومات کو معذوری کے اندراج کے فارم میں فراہم کرنا ہوگا۔
- نام
- پیدائش کی تاریخ
- تعلیمی ڈگری / سند (اگر کوئی ہے)
- معذوری کی وجہ
- جسمانی طور پر معذور شخص کا پتہ
- ایپلی کیشن پروفارما
- قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) یا ب فارم (اگر 18 سال سے کم عمر ہو) کی کاپی دو تصاویر (پاسپورٹ سائز)۔
معذوری کا سرٹیفکیٹ کھو جانے کی صورت میں کیا کریں؟
معذوری کا سرٹیفکیٹ کھو جانے کی صورت میں اسے دوبارہ جاری کیا جاسکتا ہے۔ نیا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے آپ کو محکمہ سوشل ویلفیئر آفس میں درخواست دینا ہوگی اور دوبارہ مقررہ اقدامات سے گزرنا ہوگا۔ پولیس اسٹیشن میں سرٹیفکیٹ کی گمشدگی کی رپورٹ کی کاپی کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔
- اپنے مقامی پولیس اسٹیشن سے تفتیشی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کریں۔
- معذوری کا فارم لینے کے لئے ایف آئی آر کی ایک کاپی کے ساتھ سوشل ویلفیئر آفس جائیں۔
- مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ فارم جمع کروائیں۔
- دیئے گئے تاریخ اور وقت پر معذوری کی تشخیص کے لئے پیش ہوں۔
- بورڈ کی سفارش پرآپ کو نیا معذوری سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
معذور افراد کے قومی اور صوبائی محکموں سے رابطہ کرنے کے لئے تفصیلات
کسی معذوری کے سرٹیفکیٹ یا اپنی مقامی انتظامیہ کے ذریعہ پیش کردہ خدمات کے اختیارات کے حصول سے متعلق کسی بھی سوالات کے لئے، براہ کرم درج ذیل لنکس کے ذریعے متعلقہ محکمہ سے رابطہ کریں:
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کا معذور افراد کے لئے سہولیات یا دستاویزات کے حصول سے متعلق کوئی سوال ہے؟ پاکستان میں معذور افراد سمیت ملک بھر میں مختلف سہولیات کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ، صبح 9 بجے سے دوپہر 5 بجے تک پیغامات کا جواب دیتی ہے۔