قومی صحت کارڈ کیا ہے؟
قومی صحت کارڈ حکومتِ پاکستان کا ایسا اقدام ہے جو کم آمدنی والے افراد کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہ کارڈ اِس وقت خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور سندھ میں تھرپارکر کے شہریوں کے لئے صحت سہولت پروگرام کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔
قومی صحت کارڈ آپ کو حکومتِ پاکستان سے منتخب شدہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات حاصل کرنے کے لئے اہل قرار دیتا ہے۔ آپ بنیادی صحت کی مختلف سہولیات یا حادثے اور طبی ایمرجنسی کی صورت میں قومی صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کروا سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ آپ ذیابیطس، گردوں کی بیماریوں، ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی، امراض قلب اور ہر طرح کے کینسر کی صورت میں علاج کی مفت سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ قومی صحت کارڈ کورونا وائرس کے علاج کے لئے بھی اِستعمال کیا جا سکتا ہے۔
قومی صحت کارڈ کے لئے کون اہل ہے؟
قومی صحت کارڈ کے لئے وہ تمام پاکستانی شہری اہل ہیں جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، اور جن کی روزانہ کی آمدن 2 ڈالر (تقریباً 340 روپے) سے بھی کم ہے۔ یہ کارڈ اِس وقت بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام / کفالت پروگرام میں شامل افراد کو فراہم کئے جا رہے ہیں۔
خیبر پختون خواہ، بشمول سابقہ فاٹا سے ضم ہوئے اضلاع کے تمام رہائشی اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے واے افراد، جن کا نادرہ کے ریکاڈ کے مطابق مستقل پتہ خیبر پختون خواہ، اسلام آباد یا آزاد کشمیر کا ہے، آمدنی کی حیثیت سے قطع نظر قومی صحت کارڈ کے تحت دئے جانے والی سہولیات کے اہل ہیں۔
نوٹ: پنجاب میں فی الوقت صحت سہولت پروگرام کے تھت دی جانی والی سہولیات بند ہے۔
قومی صحت کارڈ کے تحت کیا سہولیات فراہم کی جاتی ہیں؟
مفت علاج کی سہولیات
قومی صحت کارڈ مفت طبی سہولیات مہیا کرتا ہے جس میں سے کچھ درج ذیل شامل ہیں:
- ہسپتال میں بخار، فلو جیسی عام بیماریوں کے مفت علاج تک رسائی۔
- حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کے لئے علاج۔
- ذیابیطس، امراض قلب، ٹی بی، ہیپاٹائٹس، کینسر، جیسے امراض کا مفت علاج۔
- کورونا وائرس میں مبتلا لوگوں کے لئے علاج۔
- حاملہ خواتین کے لئے صحت کی سہولیات۔
نوٹ: مزید تفصیلات کے لئے اِس پروگرام کے تحت امراض کی مکمل فہرست یہاں دیکھیں۔
علاج کے لئے مختص کی گئی رقم کی حد کیا ہے؟
صحت کارڈ ہولڈر سالانہ 720,000 روپے تک کا علاج کروا سکتا/سکتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اِس رقم میں مزید اضافہ کیا جاِسکتا ہے۔ اگر کارڈ ہولڈر یا اِس کے اہل خانہ کو کسی بڑی بیماری کا سامنا ہو تو، انشورنس کی رقم ختم ہونے کی وجہ سے اِس علاج کو بند نہیں کیا جائے گا، کیونکہ حکومت ہر سال فی خاندان مزید 360,000 روپے فراہم کرتی ہے۔
اگر علاج کے دوران مریض وفات پا جائے تو تدفین کے لئے اہل خانہ کو 10,000 روپے فراہم کئے جاتے ہیں۔
طبی علاج کے پیکیجز
صحت کارڈ ہولڈر کے لئے درج ذیل دو علاج کے پیکیج دستیاب ہیں۔ دستیاب پیکیجوں کی مکمل تفصیلات وزیر اعظم ہیلتھ پروگرام کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
1. ثانوی نگہداشت
- ابتدائی علاج ہر سال 60,000 روپے فی خاندان۔
- اضافی علاج 60,000 روپے فی خاندان۔
2. ترجیحی علاج
- ابتدائی علاج ہر سال 300,000 روپے فی خاندان۔
- اضافی علاج 300,000 روپے فی خاندان۔
مزید معلومات کے لئے صحت سہولت پروگرام کے تحت پینل پر موجود ہسپتالوں کی مکمل فہرست اور صحت کارڈ کے پیکیج دیکھیں۔
نقل و حمل کے اخراجات میں معونت
طبی سہولیات کے علاوہ ، یہ کارڈ مریضوں کی آمد و رفت میں بھی معونت فراہم کرتا ہے۔ ہر خاندان کو ہر سال زیادہ سے زیادہ تین بار ہسپتال آنے کے لئے 1000 روپے کی ادائیگی کی جاتی ہے۔
قومی صحت کارڈ حاصل کرنے کے لئے اہلیت کی جانچ اور کارڈ کے اِستعمال کا کیا طریقہ ہے؟
1. اہلیت کی جانچ کرنے کے لئے:
i) ایس ایم ایس کے ذریعے اہلیت کی جانچ کریں: 8500 اور خیبر پختنخوا کے لئے 9780 پر اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر کو ایس ایم ایس کریں۔
ii) اہلیت آن لائن چیک کریں: آپ اِس آن لائن ٹول کے ذریعے بھی اہلیت کی جانچ کر سکتے ہیں۔
iii) موبائل ایپ کے ذریعے اہلیت کی جانچ کریں: اگر پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں تو اِس انڈرائد ایپ (صرف پنجاب کے لئے) کے ذریعے بھی اہلیت کی جانچ کر سکتے ہیں۔
نوٹ: اگر آپ کا نام اہل افراد میں موجود نہیں اور آپ کے مطابق آپ قومی صحت کارڈ کے اہل ہیں، تو مزید معلومات کے لئے اِس ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کریں:
080009009 یا 080089898 (خیبر پختنخوا کے لئے)۔ آپ پنجاب کے لیے ان نمبرز پر بھی کال کر سکتے ہیں: 04299332647 / 04299332266۔
2. اگر آپ اہل ہیں تو آپ اپنا نادرا کا قومی شناختی کارڈ بطور صحت کارڈ استعمال کرسکتے ہیں۔
3. صحت سہولت پروگرام کے لئے اپنے مطلوبہ ہسپتالوں میں سے انتخاب کریں۔ اور ہسپتال جاتے وقت اپنا نادرا کا قومی شناختی کارڈ ساتھ لے جائیں۔ اگر اٹھارہ سال سے کم عمر فرد کا علاج کرانا ہو تو اس کا ب-فارم بمعہ والد یا والدہ کے قومی شناختی کارڈ لے جائیں۔
4. ہسپتال پہنچنے کے بعد، آپ مزید رہنمائی کے لئے صحت سہولت پروگرام کے کاؤنٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ایس ایس پی عملہ کا آپ کے شناختی کارڈ کی مدد سے آپ کی تصدیق کے بعد علاج کے لیے ہسپتال کے مطلوبہ شعبے کی طرف آپ کی راہنمائی کر دے گا۔
5. مریض کوہسپتال میں داخل کرانے کے بعد علاج معالجے کی قیمت سہت کارڈ سے وصول کی جائے گی۔
صحت کارڈ سے متعلق معلومات کے لئے رابطہ کریں!
آپ اِن لنکس کے ذریعے اردو، سندھی اور انگریزی زبان میں صحت سہولت پروگرام کے بارے میں اضافی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں صحت سہولت پروگرام کے بارے میں تفصیلات کے لئے یہ کتابچہ دیکھیں۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ سے متعلق سوالات کے لئے رابطہ کریں:
فون: 080089898 پر کال کریں۔
ای میل: info@sehatsahulat.com.pk یا sehatsahulatprogram@gmail.com
مزید تفصیلات کے لئے، حکومت خیبر پختونخوا کی یہ ویب سائٹ دیکھیں۔
پنجاب
پنجاب میں صحت کارڈ سے متعلق سوالات کے لئے رابطہ کریں:
فون: 080009009 یا 04299332647 یا 04299332266 پر کال کریں۔
ای میل: info@sehatsahulat.com.pk یا sehatsahulatprogram@gmail.com
مزید تفصیلات کے لئے، پی ایم آئی سی کی یہ ویب سائٹ دیکھیں۔
پاکستان کے دیگر علاقوں کے لئے
پاکستان کے دیگر علاقوں سے صحت کارڈ سے متعلق سوالات کے لئے رابطہ کریں:
فون: 080009009 پر کال کریں۔
ای میل: info@sehatsahulat.com.pk یا sehatsahulatprogram@gmail.com
مزید تفصیلات کے لئے، پی ایم ہیلتھ پروگرام کی یہ ویب سائٹ دیکھیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کا قومی صحت کارڈ، صحت سہولت پروگرام یا پاکستان بھرمیں صحت کی سہولیات سے متعلق کوئی سوال ہے؟ آپ ہمارے نمائندوں کو صحت کی سہولیات کے بارے میں اپنے سوالات ہمارے اِس فیس بک پیج کے ذریعے پیر سے جمعہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پوچھ سکتے ہیں۔