حکومتِ پاکستان 5 سال اور اِس سے زیادہ عمر کے افراد کو مفت کوویڈ-19 ویکسینیشن فراہم کر رہی ہے۔ بڑے شہروں میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مراکز سمیت ملک بھر میں ویکسینیشن سینٹرز روزانہ لاکھوں لوگوں کو ویکسین فراہم کر رہے ہیں۔ اگرچہ جتنی جلدی ممکن ہو ویکسین لگانا بہت ضروری ہے، تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ ویکسینیشن سینٹر جاتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جائے۔
وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے فراہم کردہ ہدایات کے مطابق دی گئی معلومات کے ذریعے آپ کوویڈ 19 ویکسینیشن سنٹر جاتے وقت اپنے آپم کو انفیکشن کے خطرے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ کوویڈ-19 ویکسینیشن سینٹر جانے سے پہلے ہدایات اور رجسٹریشن کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لئے بولو کا یہ مضمون پڑھیں۔ مزید تفصیلات کے لیے نیچے دی گئی ہدایات دیکھیں۔
اہم احتیاطی تدابیر
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا بہترین طریقہ احتیاطی تدابیر جیسے سماجی فاصلہ اور حفظان صحت کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنا ہے، جو عالمی ادارہ صحت اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے سفارش کردہ ہیں۔ آپ ہماری ویب سائٹ پر کووڈ-19 سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں مضمون بھی پڑھ سکتے ہیں تاکہ اہم احتیاطی تدابیر کے بارے میں مزید جان سکیں۔ آپ کوویڈ-19 ہدایات کے بارے میں ہمارے یہ مضامین بھی دیکھ سکتے ہیں۔
کوویڈ-19 ویکسینیشن کے لیے جانے سے پہلے یہ تفصیلات پڑھیں!
کوویڈ-19 کے بارے میں بہت سی افواہیں اور غلط فہمیاں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، لہذا یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی معلومات ہمیشہ قابل اعتماد ذرائع، جیسے حکومت پاکستان اور عالمی ادارہ صحت سے حاصل کریں۔
کچھ لوگوں کو ویکسین لگانے سے پہلے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ اِس میں وہ لوگ شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے حال ہی میں سرجری کروائی ہو یا فی الحال کسی مخصوص بیماری میں مبتلا ہوں۔ اگر آپ کو اپنی صحت کے بارے میں کوئی سوال ہے یا آپ جاننا چاہتے ہیں اگر آپ کی موجودہ صحت کے مطابق ویکسین لگوانے کا یہ صحیح وقت ہے، تو ڈاکٹر سے مشورہ کریں، یا صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کریں۔
جن مریضوں کو ویکسین لگوانے سے پہلے انتظار کرنا پڑسکتا ہے!
وزارت قومی صحت کے مطابق، درج ذیل افراد کو ڈاکٹر سے مشورہ کیے بغیر ویکسین نہیں لگانی چاہیے۔
- جن افراد کو ویکسینیشن کے وقت بخار ہو۔
- کوویڈ-19 کے مرض میں مبتلا افراد۔
- کوویڈ-19 کی علامات والے افراد ۔
- وہ افراد جو ایسی دوائیں لیتے ہیں جو مدافعتی نظام کو کمزور کرتی ہیں، انہیں دوا ختم ہونے کے بعد 28 دن تک انتظار کرنا چاہیے۔
- ٹرانسپلانٹ حاصل کرنے والے مریضوں کو پیوند کاری کے 3 ماہ بعد ویکسین لگائی جا سکتی ہے۔
- کیموتھریپی کے مریض کیموتھریپی کے 28 دن بعد ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
ویکسینیشن سنٹر پہنچ کر اِن ہدایات پر عمل کریں
ویکسینیشن سینٹر پہنچ کر مندرجہ ذیل ہدایات پرعمل کریں:
1. ویکسینیشن کی پرچی کو متعلقہ تفصیلات کے ساتھ پُر کریں جس میں آپ کا پورا نام، سی این آئی سی (شناختی کارڈ) نمبر، ویکسین کی خوراک (پہلی یا دوسری) کے بارے میں معلومات، موبائل نمبر، عمر، اور 1166 سے موصول ہونے والا کوڈ شامل ہے۔
2. نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن کروانے کے لیے اپنی باری پر رجسٹریشن کاؤنٹر پر جائیں۔ یہ رجسٹریشن کوویڈ-19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے۔
3. ہمیشہ اپنا ماسک پہنیں اور ہینڈ سینیٹائزر اپنے ساتھ رکھیں۔
4. اپنی باری کا انتظار کرتے وقت 6 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
5. ہجوم سے بچیں اور سینٹر کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔
6. مستقبل کے حوالے کے لئے اپنے ویکسینیشن فارم کی تصویر لیں۔
7. اگر آپ کو کوئی بیماری ہے یا آپم حاملہ ہیں تو ویکسینیٹر / ہیلتھ آفیسر کو مطلع کریں۔
8. ویکسینیشن کے بعد ویکسینیشن سینٹر میں 30-15 منٹ انتظار کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ کو کوئی منفی اثرات لاحق نہیں ہیں۔ منفی اثرات کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد کے لئے آن سائٹ میڈیکل سٹاف سے رابطہ کریں۔
کوویڈ-19 ویکسینیشن کے بعد ممکنہ ضمنی اثرات
کوویڈ-19 ویکسینیشن کے بعد چند ضمنی اثرات کا سامنا کرنا بھی عام ہے جو اکثر خود ہی چند دنوں میں ختم ہوجاتے ہیں۔ ممکنہ ضمنی اثرات میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- انجکشن کی جگہ پر درد
- ہلکا بخار
- تھکاوٹ
- سر درد
- پٹھوں یا جوڑوں کا درد
- سردی لگنا
- اسہال
اگر آپ ویکسین کے بعد مسلسل تکلیف محسوس کر رہے ہیں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ ڈاکٹر کی سفارش پر، آپ تکلیف سے نمٹنے کے لئے مناسب ادویات استعمال کر سکتے ہیں۔
ویکسینیشن کے بعد صحت مند رہنے کے لئے ہدایات
ویکسینیشن کے بعد اپنے جسم کی قوت مدافعت بڑھانے میں وقت لگتا ہے۔ اگر آپ کو دو خوراکوں کی ویکسین مل رہی ہے تو آپ کو دوسری خوراک لینے کے دو ہفتوں کے بعد مکمل طور پر ویکسین دی جائے گی۔ جب کہ آپ کا جسم اپنی قوت مدافعت پر کام کرتا رہے گا۔ آپ کو اِس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ اِس دوران آپ صحت بخش غذا کھائیں۔
ویکسینیشن کے بعد احتیاطی تدابیر
اگرچہ کوویڈ-19 ویکسین لوگوں کو سنگین بیماری سے بچانے میں انتہائی کارآمد ثابت ہوئی ہیں، اِس کے بارے میں ہمیں ابھی بھی بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ اگر کوئی ویکسینیشن کے بعد بھی وائرس پھیلا سکتا ہے۔ لہذا، یہ ضروری ہے کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں ، بشمول بھیڑ والی جگہوں سے بچنا ، سماجی دوری، ہاتھ دھونا اور ماسک پہننا۔
ویکسینیشن اور ہدایات کے بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے آپ حکومت پاکستان کے کووڈ-19 ہیلتھ ایڈوائزری پلیٹ فارم اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ویب سائٹ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال بھی کر سکتے ہیں جو وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، حکومت پاکستان کے ذریعہ دستیاب ہے۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
ملک بھر میں کورونا وائرس اور ویکسینیشن کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے آپ پیر سے جمعہ صبح 09:00 بجے سے دوپہر 05:00 بجے تک بولو کے فیس بک پیج کے ذریعے بولو ٹیم کو میسج کر سکتے ہیں۔