فیس ماسک پہننا کوویڈ-19 کی احتیاطی تدابیر کا ایک اِہم حصہ ہے۔ چہرے کا ماسک مناسب طریقے سے پہننا، اسے صاف رکھنا، محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنا اور مدت ختم ہونے پر محفوظ طریقے سے ضائع کرنا، وائرس سے بچنے کے لئے ضروری ہے۔
پچھلے ایک مضمون میں ہم نے آپ کو چہرے کے ماسک کو پہننے کے درست طریقے کے بارے میں معلومات فراہم کی تھی۔ اِس مضمون میں ہم آپ کو کوویڈ-19 سے حفاظت کے لئے تجویز کردہ ماسکس کی اقسام اور ماسک پہنے کے دورانئیے کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔
1. سرجیکل ماسک
سرجیکل ماسک، جسے میڈیکل ماسک بھی کہا جاتا ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ماسک ہسپتال میں حفاظتی سامان یعنی پرسنل پروٹیکٹو ایکیوپمنٹ (پی پی ای) کے ساتھ بھی استعمال ہوتے ہیں۔ سرجیکل ماسک ایک ڈسپوزایبل ماسک ہے جو ناک اور منہ کی حفاظت کرتا ہے۔ اگر آپ سرجیکل ماسک صحیح طریقے سے پہنتے ہیں تو یہ آپ کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔
آپ کتنی دیر تک سرجیکل ماسک پہن سکتے ہیں؟
اگرچہ سرجیکل ماسک کے لئے ایک مخصوص مدت کی وضاحت نہیں کی جا سکتی ، مختلف مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ ماسک پہنے کی زیادہ سے زیادہ محفوظ مدت 4 سے 8 گھنٹے تک ہو سکتی ہے۔ تاہم، اپریل 2020 کی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور حکومت فرانس کی رپورٹ کے مطابق، سرجیکل ماسک 4 اور 6 گھنٹے کے بعد مفید نہیں رہتا۔
کیا سرجیکل ماسک دوبارہ استعمال ہوسکتا ہے؟
سرجیکل ماسک ڈسپوزایبل ماسک ہوتا ہے اور ایک سے زیادہ بار استعمال کے لئے نہیں ہے۔ اگر ماسک گندا یا خراب لگے یا سانس لینا مشکل محسوس ہو تو اسے فوری طور پر ضائع کر دینا چاہیے۔
2. این 95 ماسک
این 95 ریسپریٹر کو پروفیشنل گریڈ میڈیکل ماسک کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جو چہرے کی سطح کو سختی سے سیل کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے ڈیزائن کی وجہ سے، یہ ہوا کے ذرات کی فلٹریشن میں بہت موثر ہوتا ہے۔
آپ کتنی دیر تک این 95 ماسک استعمال کر سکتے ہیں؟
عالمی ادارہ صحت کے مطابق، این 95 ماسک کوویڈ-19 کے مریضوں کی دیکھ بھال کرتے وقت 6 گھنٹے تک ہٹائے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کیا آپ این 95 ماسک دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں؟
اگرچہ این 95 ماسک کو دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے، دوبارہ استعمال سے اس کی افادیت کم ہو جاتی ہے۔ ذیل میں این 95 ماسک کو دوبارہ استعمال اور جراثیم سے پاک کرنے کی ہدایات ہیں۔
جب این 95 ماسک استعمال میں نہ ہو تو اسے ہمیشہ پلاسٹک بیگ میں ڈھانپیں۔ ماسک کو دوبارہ استعمال کرنے کے لئے اسے خشک جگہ پر 3 سے 4 دن کے لئے رکھنا چاہیے۔ استعمال کے لئے کم از کم چار ماسک رکھیں اور انہیں متبادل دنوں میں استعمال کریں۔ ستعمال شدہ ماسک کو خشک ماحول میں رکھیں۔ این 95 ماسک کو جراثیم سے پاک کرنے کے لئے درج ذیل طریقے استعمال کئے جا سکتے ہیں:
- ویپرز ہائیڈروجن پر آکسائیڈ سے ڈس انفیکشن
-
یو وی لائٹ کا استعمال
-
خشک یا نم گرم ہوا کا استعمال
-
میتھیلین بلیو ڈائی اور خشک گرم ہوا کا استعمال
این 95 ماسک کے دوبارہ استعمال سے متعلق مزید تفصیلات کے لئے نیچے دی گئی ویڈیو دیکھیں۔
3. پڑے کا ماسک
کپڑے کا ماسک پی پی ای کا حصہ نہیں ہے لیکن کوویڈ-19 کی روک تھام کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق کوویڈ-19 کی روک تھام کے لئے ایک سے زیادہ تہوں والے کپڑے کے ماسک کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک ڈسپوز ایبل ماسک کپڑے کے ماسک کے نیچے بھی پہنا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر داڑھی کی وجہ سے ایک ماسک کا استعمال آپ کے لئے مشکل ہو۔
کپڑے کے ماسک وائرس کے ذرات اور ان سے منسلک جراثیم دونوں کو ماحول میں خارج ہونے سے روکتے ہیں۔ تاہم ، کپڑے کے ماسک کے حفاظتی اثر کا ابھی مزید سائنسی مطالعہ جاری ہے۔ بشمول کپڑے کی اُن اقسام کا، جو سانس کی بیماریوں کی منتقلی کو روکنے میں سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کپڑے کے ماسک کی اقسام کے بارے میں مزید معلومات کے لئے یہ ویڈیو دیکھیں۔
سرجیکل اور کپڑے کے ماسک میں فرق اور ان کے استعمال کے بارے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے مندرجہ ذیل ویڈیو دیکھیں۔
کپڑے کا ماسک محفوظ طریقے سے کیسے صاف کیا جا سکتا ہے؟
کپڑے کا ماسک کسی بھی ڈٹرجنٹ سے واشنگ مشین میں دھویا جا سکتا ہے۔ واشنگ مشین میں ماسک رکھنے کے بعد، ہاتھوں کو صاف کرنا چاہیے۔ ماسک خشک کرنے کے لئے آپ واشنگ مشین کے سپنر کو ہائی ہیٹ پر سیٹ کر کے گرم ہوا سے خشک کر سکتے ہیں۔
کورونا وائرس سے بچنے کے لئے فیس ماسک کو محفوظ طریقے سے کیسے اتارا جا سکتا ہے؟
ماسک کو ٹھوڑی کے اوپر کی طرف ہٹائیں۔ ماسک اتارتے وقت سامنے سے ہاتھ مت لگائیں۔
ماسک کو اندر کی طرف بند کریں اور پلاسٹک بیگ یا ٹشو میں ڈھانپ کر کوڑے دان میں ڈالیں۔ نیا ماسک لگانے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
پاکستان بھر میں مختلف سروسز کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے، آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ، صبح 9:00 بجے سے دوپہر 5:00 بجے تک سوالات کے جواب دیتی ہے۔