شناختی دستاویزات کا حصول نہ صرف افراد کو ملک کے شہری کے طور پر اپنی شناخت ثابت کرنے کے لئے ضروری ہوتا ہے بلکہ یہ دستاویزات شہریوں کو کئی سروسز تک رسائی ممکن اور آسان بناتی ہیں۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کے لئے حکومتِ پاکستان نادرا کے ذریعے قومی شناختی کارڈ جاری کرتی ہے، جس کے حصول کا طریقہ ہم نے ایک پچھلے مضون میں بیان کیا تھا۔ اِس کے علاوہ بچوں کے لئے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے جسے سی آر سی یا ب فارم بھی کہا جاتا ہے۔
18 سال سے کم عمر بچوں کو چپ پر مبنی جووینائل کارڈ بھی نادرا کے ذریعے جاری کیا جا سکتا ہے۔ اِس مضمون میں ہم آپ کو جووینائل کارڈ کے فوائد اور اِس کے حصول کا طریقہ بیان کریں گے۔
جوینائل کارڈ کیا ہے؟
جووینائل کارڈ (جے سی) نوعمر بچوں کے لئے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) / ب فارم کی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جووینائل کارڈ میں بچے کا نام، رجسٹریشن نمبر، جنس اور تاریخ پیدائش کے ساتھ بچے کی تصویر، دستخط، پتہ اور بائیو میٹرک ریکارڈ (15سال سے زیادہ عمر کے بچوں کےلئے) بھی ہوتا ہے۔ جووینائل کارڈز میں موجود مائیکرو چِپ کے ذریعے بچے کے ریکارڈ کو کارڈ میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ جووینائل کارڈ بچے کے بارے میں چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سے زیادہ معلومات فراہم کرتا ہے، جس میں میڈیکل اور تعلیمی ریکارڈ بھی شامل ہے۔ پاکستان کے بعض تعلیمی اداروں، بشمول میڈیکل ڈگری پروگراموں میں داخلے کے لئے جووینائل کارڈ کا حصول لازم ہے۔
جوینائل کارڈ کے حصول کا طریقہ
مطلوبہ دستاویزات
جوینائل کارڈ کے حصول کے لئےدرج ذیل دستاویزات درکار ہوتی ہیں:
1. اگر بچے کا جائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) / ب فارم نہ بنا ہو
اگر بچے کے پاس جائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نہیں ہے اور وہ پہلی بار نادرا کے ساتھ رجسٹر ہو رہا ہے، تو آپ کو جووینائل کارڈ کے لئے درج ذیل کی ضرورت ہوگی:
- بچے کی نادرا سینٹر میں موجودگی۔
- قومی شناختی کارڈ کے ساتھ خون کے رشتہ دار یا سرپرست کی موجودگی۔
- پیدائش کا سرٹیفکیٹ یا سکول کا سرٹیفکیٹ (10 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے)۔
- والدین یا خون کے رشتہ دار یا سرپرست کی بائیو میٹرک تصدیق یا گریڈ 16 یا اِس سے اوپر کے گزیٹیڈ سرکاری افسر سے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ فارم کی تصدیق۔
2. اگر بچے کا جائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) / ب فارم بنا ہوا ہو
اگر بچے کا جائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنا ہوا ہے تو آپ کو جووینائل کارڈ کے لئے درج ذیل کی ضرورت ہوگی:
- بچے کی نادرا سینٹر میں موجودگی۔
- بچے کا جائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) / ب فارم۔
- قومی شناختی کارڈ کے ساتھ خون کے رشتہ دار یا سرپرست کی موجودگی۔
- والدین یا خون کے رشتہ دار یا سرپرست کی بائیو میٹرک تصدیق یا گریڈ 16 یا اِس سے اوپر کے گزیٹیڈ سرکاری افسر سے کمپیوٹرائزڈ فارم کی تصدیق۔
نوٹ: کمپیوٹرائزڈ فارم آپ کو نادرا رجسٹریشن سینٹر میں نادرا کے نمائندے کے ذریعے دیا جائے گا جب وہ سسٹم سے بچے کا ڈیٹا داخل اور تصدیق کریں گے۔
جوینائل کارڈ کے لئے درخواست کی ہدایات
آپ نیچے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر میں جووینائل کارڈ کے حصول کے لئے درخواست دے سکتے ہیں:
1. نادرا رجسٹریشن سینٹر پہنچنے پر آپ کو ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ ٹوکن حاصل کرنے کے بعد اپنی باری کا انتظار کریں۔
2. باری آنے پر آپ کا ٹوکن نمبر اور کاؤنٹر نمبر کا اعلان کیا جائے گا۔
3. کاؤنٹر پر نادرا کا نمائندہ آپ کی دستاویزات کی تصدیق کرے گا۔
4. بچے کی تصویر انگلیوں کے نشان اور دستخط کو رجسٹر کیا جائے گا۔
5. اِس کے بعد سسٹم میں ڈیٹا داخل کیا جائے گا، اور آپ کو جائزہ لینے کے لئے اپنے کمپیوٹرائزڈ نادرا فارم کی کاپی دی جائے گی۔
6. اپنے فارم کا جائزہ لینے کے بعد آپ سے کارڈ کے لئے فیس ادا کرنے کو کہا جائے گا۔ آپ کارڈ کی ترسیل کے لئے مختلف سروس کی اقسام میں سے ضرورت کے تحت اپنی مرضی کی سروس کا انتخاب کر سکتے ہیں (نارمل، ارجنٹ یا فاسٹ ٹریک)۔ ہر قسم کی ڈیلیوری کی فیس مختلف ہے۔
7. آپ کو آپ کے درخواست فارم کی پرنٹ شدہ کاپی دی جائے گی۔
آپ مندرجہ ذیل لنکس کے ذریعے اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر کو تلاش کر سکتے ہیں۔
نوٹ: بچے کے والدین یا سرپرست کا نادرا ڈیٹا بیس میں رجسٹر ہونا ضروری ہے اور جووینائل کارڈ حاصل کرنے کے لئے ان کے پاس قومی شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ نیز، والدین یا سرپرستوں میں سے کسی ایک کا بچے کے ساتھ درخواست کے عمل کے لئے نادرا سروس سینٹر میں موجود ہونا بھی ضروری ہے۔
جوینائل کارڈ ڈیلیوری کا دورانیہ اور فیس
جوینائل کارڈ کی ڈیلیوری اور فیس کے باری میں معلومات نیچے دئے گئے ٹیبل سے دیکھیں۔
فیس |
ڈیلیوری کا دورانیہ |
ڈیلیوری |
750 روپے |
31 دن |
نارمل |
1500 روپے |
23 دن |
ارجنٹ |
2500 روپے |
9 دن |
فاسٹ ٹریک |
جوینائل کارڈ سمیت مختلف شناختی دستاویزات کی فیس کے بارے میں جاننے کے لئے یہ لنک دیکھیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کا جووینائل کارڈ کے حصول سے متعلق کوئی سوال ہے؟ پاکستان میں شناختی دستاویزات اور دیگر سروسز کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک پیغامات کا جواب دیتی ہے۔