سیلاب یا دیگر قدرتی آفات کے نتیجے میں ہیضہ اور دیگر بیماریوں کا پھیلنا عام ہے۔ ان وباؤں کی وجہ پینے کے صاف پانی کی دستیابی میں کمی، امدادی کیمپوں میں صفائی کا ناکافی انتظام اور وسائل کی کمی ہے۔ اگر آپ کسی ایسے علاقے میں رہ رہے ہیں جو سیلاب سے متاثر ہے، تو ہیضہ اور پانی سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریوں سے بچنے کے لیے درج ذیل اقدامات پر عمل کریں۔
صاف پانی استعمال کریں
پانی کو اچھی طرح سے ابالنے یا چھاننے کے بعد ہی استعمال کریں۔ اگر آپ کے پاس پانی کو ابالنے یا فلٹر کرنے کے وسائل نہیں ہیں تو اپنے علاقے میں کام کرنے والی امدادی تنظیموں سے پانی صاف کرنے کی گولیوں کی درخواست کریں۔
ہاتھ دھوئیں اور صفائی کا خیال رکھیں
اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح اور باقاعدگی سے دھوئیں، خاص طور پر رفع حاجت کے بعد اور کھانے سے پہلے۔
بیت الخلاء کا استعمال کریں
- اگر آپ کے کیمپ میں بیت الخلاء دستیاب ہیں تو انہیں اپنے استعمال اور دوسرے لوگوں کے استعمال کے لیے صاف رکھیں۔
- اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے بیت الخلا صاف پانی کے وسائل سے دور بنائے گئے ہیں اور انسانی فضلہ پینے کے پانی میں نہیں مل رہا۔
- کھلے یا صاف پانی کے ذخائر کے قریب رفع حاجت نہ کریں، صرف بیت الخلاء کا استعمال کریں۔
- اگر آپ کیمپ میں ہیں، تو نہاتے وقت اور کپڑے یا لنگوٹ پینے کے پانی کے ذرائع سے کم از کم 100 فٹ دور دھوئیں تاکہ اسے آلودگی سے بچایا جا سکے۔
کھانے کی اشیاء کی حفاظت
- وہ کھانا نہ کھائیں جو سیلابی پانی کے رابطے میں آیا ہو۔
- اِیسا کھانا نہ کھائیں جو تازہ نہ ہو یا اِس میں کسی قسم کی بو ہو جو اِس بات کی نشاندہی کرتی ہو کہ یہ بوسیدہ ہے۔
- اِیسے کھانے سے پرہیز کریں جو کچا یا کم پکا ہوا ہو خاص طور پر گوشت، چکن یا مچھلی۔
- پھلوں اور سبزیوں کو صاف پانی سے دھو کر استعمال کرنے سے پہلے اِن کی کھالیں چھیل لیں، اپنے کھانے کو اچھی طرح ڈھانپیں تاکہ مکھیاں اس پر بیٹھ نہ سکیں۔
ویکسین لگوائیں
اگر آپ کے کیمپ ایڈمنسٹریٹر یا مقامی حکام کی جانب سے ہیضے یا دیگر محلق بیماریوں کے خلاف ویکسین فراہم کی جا رہی ہے تو ڈاکٹر یا مقامی محکمہ صحت کے اہلکار کے مشورے سے ویکسین لگوائیں۔
طبی امداد حاصل کریں
اگر آپ کو اسہال ہو تو فوراً او آر ایس لینا شروع کر دیں۔ اگر آپ کا اسہال برقرار رہتا ہے اور آپ کو کمزوری محسوس ہوتی ہے تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔ اگر طبی عملہ دستیاب نہیں ہے، تو او آر ایس لیتے رہیں جب تک کہ آپ کو ضروری مدد نہ مل جائے۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
ہیضہ اور دیگر بیماریوں، قدرتی آفات کے دوران حفاظتی اقدامات اور پاکستان میں سروسز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ ہم سے بولو فیس بک پیج کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہماری ٹیم پیر سے جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالوں کا جواب دیتی ہے۔